کٹھن ہے راہ گزر تھوڑی دور ساتھ چلو

Thodi Door Saath Chalo Ahmad faraz urdu poetry

کٹھن ہے راہ گزر تھوڑی دور ساتھ چلو
بہت کڑا ہے سفر تھوڑی دور ساتھ چلو

تمام عمر کہاں کوئی ساتھ دیتا ہے
یہ جانتا ہوں مگر تھوڑی دور ساتھ چلو

نشے میں چور ہوں میں بھی تمہیں بھی ہوش نہیں
بڑا مزہ ہو اگر تھوڑی دور ساتھ چلو

یہ ایک شب کی ملاقات بھی غنیمت ہے
کسے ہے کل کی خبر تھوڑی دور ساتھ چلو

ابھی تو جاگ رہے ہیں چراغ راہوں کے
ابھی ہے دور سحر تھوڑی دور ساتھ چلو

طوافِ منزلِ جاناں ہمیں بھی کرنا ہے
فراز ؔتم بھی اگر تھوڑی دور ساتھ چلو

احمد فرازؔ –

Read Previous

کامیابی سے متعلق اردو کے بہترین اقوال

Read Next

اردو کے بہترین اشعار کا انتخاب